بی جے پی صدر کا دعویٰ، این ڈی اے کو 38 علاقائی پارٹیوں کی حمایت حاصل

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے این ڈی اے (نیشنل ڈیموکریٹک الائنس) کی میٹنگ سے ٹھیک ایک دن قبل 38 جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے کہا کہ 38 جماعتوں کے رہنماؤں نے منگل کو قومی دارالحکومت میں ہونے والی حکمراں این ڈی اے کی میٹنگ میں اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بنگلورو میں اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ چل رہی ہے جس میں 26 پارٹیوں نے شرکت کی ہے۔پیر کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ این ڈی اے کی رسائی اور دائرہ کار گزشتہ برسوں میں بڑھ گیا ہے۔ نریندر مودی حکومت کی اسکیموں اور پالیسیوں کے مثبت اثرات کی وجہ سے این ڈی اے کے حلقے پرجوش ہیں۔ بی جے پی کی زیر قیادت اتحاد کی میٹنگ ایک ایسے دن ہونے والی ہے جب کئی اپوزیشن جماعتیں بنگلورو میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی سے متحد ہوکر مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کے لیے غور و خوض کر رہی ہیں۔