نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں ڈوڈہ سے عآپ کے ایم ایل اے معراج ملک کے معاملے کو دبانے کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اب ہمارے لیڈروں کو ہراساں کر رہی ہے ۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ معراج ملک اپنے علاقہ کے لوگوں کے لئے اسپتال کا مطالبہ کر رہے تھے ، لیکن بی جے پی کی انتظامیہ نے ان پر پی ایس اے لگا کر انہیں جیل میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا، “آج جموں و کشمیر کے لوگ ان کی حمایت میں سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ کئی تنظیمیں بھی ان کی گرفتاری کو غلط قرار دیتے ہوئے آواز اٹھا رہی ہیں۔ میں خود جموں و کشمیر گیا، لیکن پولس نے مجھے پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا۔ مجھے گیسٹ ہاؤس میں ہی نظر بند کر دیا گیا اور لال چوک کے قریب عآپ پارٹی کے احتجاج میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔” انہوں نے کہا کہ بی جے پی ان لوگوں کے پیچھے مضبوطی سے کھڑی ہے جنہوں نے ملک کے ہزاروں کروڑ روپے لوٹے ہیں، لیکن کشمیر میں عام آدمی پارٹی کو بڑھنے سے روکنے کیلئے واقعہ کے ایک سال بعد پارٹی لیڈر سے ڈیڑھ لاکھ روپے کے چندہ کی تحقیقات کروا رہے ہیں۔ بی جے پی والے کتنے گناہ کریں گے اور کتنے جرائم کریں گے ؟ آپ اے اے پی کے لیڈروں کو کتنا پریشان کریں گے ؟ بی جے پی کو عاّ لیڈروں کو ہراساں کرنے کی حد مقرر کرنی چاہئے اور انہیں بتانا چاہئے ۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ عآپ ایماندار اور سچے لوگوں کی پارٹی ہے ۔ عآپ کے امیدوار عطیات کے بارے میں عوام کو معلومات دیتے ہیں۔ مدثر حسین کو ملنے والا 1.5 لاکھ روپے کا عطیہ کوئی بے ضابطگی یا دھوکہ دہی نہیں ہے ۔ اے اے پی کے حامیوں اور کارکنوں نے اسے الیکشن لڑنے کی حمایت کے طور پر دیا تھا۔ بی جے پی اس کی جتنی بھی تحقیقات کرائے ، لیکن ایسا کرکے وہ خود کو ملک کے سامنے بے نقاب کررہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھیل رہی ہے اور دوسری طرف جب عآپ کا کارکن چندہ مانگ کر الیکشن لڑتا ہے تو تحقیقات کے نام پر اسے ہراساں کیا جا رہا ہے ۔