نئی دہلی، 5 فروری (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیرِ اقتدار ریاستوں میں عدم برداشت تیزی سے بڑھ رہی ہے ، بی جے پی اور آر ایس ایس نابرابری کو بڑھاوا دے رہے ہیں اورملک کی 40 فیصد دولت صرف ایک فیصد لوگوں کے پاس سمٹ کر رہ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گورنر مرکزی حکومت کے ایجنٹ بن کر کام کر رہے ہیں اور جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت ہے ، وہاں عدم برداشت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کھرگے نے جمعرات کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتراکھنڈ کے ایک واقعے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت نے ایک نوجوان محمد دیپک کیخلاف معاملہ درج کیا۔ جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تحفظ کیلئے کھڑا ہوا تھا۔ اگر محافظ ہی ظالم بن جائے گا تو عام آدمی تحفظ کیلئے کہاں جائے گا۔جو شخص جھگڑا سلجھانے کیلئے جاتا ہے ، بی جے پی کے لوگ اسی کو دھمکاتے اور مارتے ہیں۔ اسی لیے میں کہتا ہوں کہ بی جے پی کے پاس برداشت نہیں ہے۔