رائے پور، 26 جولائی (یو این آئی) چھتیس گڑھ کانگریس کے انچارج سچن پائلٹ نے ہفتہ کی صبح رائے پور سنٹرل جیل میں بند سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل کے بیٹے چیتنیا سے ملاقات کی۔چیتنیا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے کہاکہ ’’بی جے پی حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ بی جے پی صرف صنعت کاروں کی جیب بھرنے اور کانگریس کو ڈرانے میں لگی ہوئی ہے ، لیکن کانگریس کارکنان اور پارٹی جنرل سکریٹری بھوپیش بگھیل اس سے ڈرنے والے نہیں ہیں‘‘ ۔ پائلٹ کا یہ بیان آنے والے وقت میں چھتیس گڑھ کی سیاست کو مزید گرما سکتا ہے ، کانگریس اب حکومت پر مزید دباؤ بنانے کی کوشش کر سکتی ہے ۔قبل ازیں مسٹر پائلٹ صبح 8 بجے رائے پور ایئرپورٹ پہنچے اور سیدھے جیل چلے گئے ۔ شریک انچارج جریتا لیت فلانگ، وجے جنگڑ، قائد حزب اختلاف چرنداس مہنت اور کانگریس لیڈر شیو دہریا بھی ان کے ساتھ موجود تھے ۔ پائلٹ کے اس جیل دورے کو کانگریس کارکنوں میں اتحاد اور حمایت کا پیغام دینے کے مقصد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔
۔غور طلب ہے کہ چیتنیا کو حال ہی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شراب گھوٹالہ میں گرفتار کیا ہے ۔