بی جے پی فرقہ پرست ‘ ٹی آر ایس موقع پرست ‘ ایک ہی سکہ کے دو رُخ

,

   

ٹی آر ایس نے بی جے پی حکومت کی ہر مرحلہ پر حمایت کی : راہول گاندھی
تلنگانہ ملک کی بدعنوان ریاست، میاں پور اراضی اسکام، کالیشورم پراجکٹ ثبوت

حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے قائد راہول گاندھی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس کو ایک ہی سکہ کے دو رُخ قرار دیا۔ایک فرقہ پرست ہے اور دوسری مفاد پرست ہونے کا دعویٰ کیا۔ دونوں جماعتیں مل کر کام کررہی ہیں۔ پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ تمام بلز کی ٹی آر ایس نے تائید کی ۔ تلنگانہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا دوسرے دن 26 کیلو میٹر جاری رہی۔ واضح رہے کہ تین دن کے وقفہ کے بعد راہول گاندھی کی پدیاترا کا دوبارہ آغاز ہوا۔ آج کی پدیاترا ختم ہونے کے بعد ضلع نارائن پیٹ کے دھنواڑہ منڈل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ملک نازک دور، عوام افراتفری کی حالت میں، معیشت تباہی کے دہانے پر ہے، روپئے کی قدر گھٹ رہی ہے، بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ فرقہ پرستی کو فروغ دیتے ہوئے عوام کو بانٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان قائم کرنے سماج کے تمام طبقات میں اتحاد پیدا کرنے وہ بھارت جوڑو یاترا شروع کئے ہیں جس کے سیاسی اغراض و مقاصد نہیں ہیں۔ ان کی پدیاترا کا تلنگانہ کے عوام بڑے پیمانے پر خیرمقدم کررہے ہیں اور میرے شروع کردہ مشن کو کامیاب بنانے میرے قدم سے قدم ملا کر چلنے میں جوش و خروش دکھارہے ہیں جس پر وہ تلنگانہ کے عوام سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس دونوں سیاسی طاقت اور دولت کا بیجا استعمال کرکے اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہیں۔ دونوں جماعتوں نے سیاست کو تجارتی اداروں میں تبدیل کردیا ہے۔ دونوں جماعتیں مل کر کام کررہی ہیں ۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے فیصلے سے عوام آج بھی مشکلات و پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں۔ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتیں عوام پر بوجھ بن گئی ہیں۔ بی جے پی عوام کی تائید سے کامیاب ہونے والی حکومتوں کو اقتدار سے بیدخل کرنے اور چور دروازے سے خود اقتدار حاصل کرنے پر زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت پوری طرح بدعنوانیوں میں ملوث ہوچکی ہے میاں پور اراضی اسکام اور کالیشورم پراجکٹ اس کا ثبوت ہے۔ پدیاترا میں ان سے ملاقات کرنے والے کسان اپنے مسائل سے واقف کرارہے ہیں ۔ تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی دھرانی پورٹل کو منسوخ کردیا جائیگا۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور بیروزگاری کے مسئلہ کو حل کرنے وہ پدیاترا کررہے ہیں۔ 400 روپئے سے پکوان گیس کو بڑھاکر1100 روپئے کردنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ تلنگانہ عوام نے بھارت جوڑو یاترا کی جو تائید و حمایت کی ہے اس سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ اس طرح عوام کی انہیں محبت ملتی رہی تو وہ کتنی دور بھی چلنا پڑے چلتے رہیں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی جمہوریت کا خون کر رہے ہیں۔ دونوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر ارکان اسمبلی کو خریدا جارہا ہے۔ تلنگانہ ملک کی سب سے بڑی بدعنوان ریاست ہے۔ بی جے پی کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کردہ متنازعہ زرعی بلز کی ٹی آر ایس نے تائید کی ۔ ان دونوں سیاسی جماعتوں سے کانگریس پارٹی مساوی دوری برقرار رکھے گی۔ ن