نئی دہلی: کانگریس نے سوشل میڈیا فیس بک پر الزام لگایا ہے کہ وہ مودی حکومت کے ساتھ گٹھ جوڑ کررکھا ہے ۔ اس لیے اس سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلانے کا کام کیا جارہاہے ۔ کانگریس کی سوشل میڈیا یونٹ کے سربراہ روہن گپتا نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ فیس بک کے ذریعے جو خبریں پھیلائی جا رہی ہیں وہ سب جھوٹ ہیں اور اس کی وجہ سے نفرت کی فضا بہت خطرناک ہوتی جا رہی ہے ۔ فیس بک غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رہا ہے اور اسے کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے ۔ گپتا نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ کو ایک خط لکھا ہے ، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیس بک ہندوستان میں جس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور جس طرح سے نفرت کا ماحول پھیلانے کے لیے کام کر رہی ہے ، اس کی اچھی طرح سے جانچ ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق جب فیس بک کے ایک ملازم نے ہندوستان میں اس میڈیا کے ذریعہ پھیلائے جانے والے نفرت انگیز اور جھوٹی خبروں کے مواد کی طرف توجہ دلائی تو اس کے حکام کا جواب تھا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہے ۔