بی جے پی قائدین زبان پر لگام دیں ، وزیراعظم کو بھی نہ بخشنے کا انتباہ

   


ٹی آر ایس کا صبر کمزوری نہیں ، ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے توسیعی اجلاس سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے اپوزیشن جماعتوں کو اپنی زبان قابو میں رکھنے کا مشورہ دیا ۔ ٹی آر ایس قائدین کے صبر کو کمزوری نہ سمجھنے کا انتباہ دیا اور کہا کہ ہم اپنے پر آجائیں تو وزیراعظم کو بھی بخشا نہیں جائے گا ۔ سرسلہ میں پارٹی کارکنوں کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے 20 سالہ سیاسی کیرئیر میں کامیابیوں اور ناکامیوں کا کئی مرتبہ سامنا کیا ہے ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کئی چیف منسٹرس کے ہوش اڑا دئیے ہیں ۔ چھوٹی چھوٹی کامیابیوں پر بی جے پی دن کا خواب دیکھ رہی ہے ۔ وقت آنے پر بی جے پی کو اُس کی اوقات دیکھا دی جائے گی ۔ ٹی ار ایس کے صبر کو مزید آزمایا گیا تو ٹی آر ایس خاموشی نہیں رہے گی بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اور تلنگانہ بی جے پی کا قیام چیف منسٹر کے سی آر کی بھیک ہے ۔ اگر تحریک چلاتے ہوئے کے سی آر علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے لیے اہم رول ادا نہیں کرتے تو اتم کمار ریڈی اور بنڈی سنجے کو کوئی عہدے نہ ملتے تھے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ٹی آر ایس وہ جماعت ہے جس نے چیف منسٹرس کو چین و آرام سے سونے نہیں دیا ہے ۔ اس بات کو دونوں جماعتیں کانگریس اور بی جے پی بھولنے کی کوشش نہ کریں ۔ اگر چیف منسٹر کے خلاف توہین آمیز الفاظ کا استعمال کیا گیا تو وزیراعظم اور مرکزی وزراء کو بھی بخشا نہیں جائے گا ۔ تنقیدیں اور الزامات عائد کرنا ہے تو ٹی آر ایس کسی پر بھی ترس نہیں کھائے گی ۔ ٹی آر ایس کے قائدین بھی اپنی منھ میں زبان رکھتے ہیں اور بی جے پی سے زیادہ بول سکتے ہیں ۔ تلنگانہ عوام کی عزت و نفس کو کے سی آر نے بلند کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی ترقی اور فلاحی اسکیمات سارے ملک کے لیے مثالی ہیں ۔ مرکزی وزراء تلنگانہ کی ترقی اور فلاحی اسکیمات پر چیف منسٹر کے سی آر کی ستائش کررہے ہیں ۔ صد فیصد پینے کا پانی اور زراعت کے لیے پانی سربراہ کرنے والی تلنگانہ واحد ریاست ہونے کا مرکزی حکومت نے اعتراف کیا ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں 9 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا وعدہ کیا گیا مگر کسی ایک دن بھی 6 گھنٹے برقی سربراہ نہیں کی گئی ۔ آدھی رات کو برقی سربراہ کرتے ہوئے کسانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا گیا ۔ ٹی آر ایس 24 گھنٹے برقی سربراہ کررہی ہے ۔ یہ وہی تلنگانہ کی حکومت ہے جس نے کسانوں کے لیے ریتو بندھو ، ریتو بیمہ ، قرض معافی جیسی اسکیمات کو متعارف کرایا ۔۔