راجندر نے حضورآباد کی ترقی پر توجہ نہیں دی، مختلف طبقات کی ٹی آر ایس کو تائید
حیدرآباد۔ /6اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ حضورآباد کے تمام طبقات کی تائید ٹی آر ایس کے ساتھ ہے اور ضمنی چناؤ میں بی جے پی کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حضورآباد میں پدما شالی اور دیگر طبقات کے نمائندوں نے ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس کی تائید کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے سماج کے تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کئے ہیں لہذا تمام پسماندہ طبقات کی تائید ٹی آر ایس امیدوار کے ساتھ ہے۔ حکومت نے دلتوں کی معاشی ترقی کیلئے دلت بندھو اسکیم متعارف کیا ہے جس کے ریاست بھر میں مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ ریاست کا ہر دلت خاندان امداد سے مستفید ہوسکتا ہے اور دلتوں کی زندگی میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ دیگر طبقات میں موجود معاشی طور پر پسماندہ طبقات کیلئے بھی چیف منسٹر معاشی امدادی اسکیم کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ہریش راؤ نے ملاقات کرنے والے مختلف طبقات کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے تمام مطالبات کی یکسوئی کرے گی۔ ہریش راؤ نے کہاکہ بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر نے رکن اسمبلی اور پھر وزیر کی حیثیت سے حضورآباد کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اب جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا ہے راجندر اپنی شکست کے امکانات سے خوفزدہ ہوکر الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر پر راجندر نے کبھی بھی توجہ نہیں دی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ جانبداری کا جو سلوک کیا ہے اس کا جواب حضورآباد کے رائے دہندے دیں گے۔ ٹی آر ایس حکومت پر تنقیدوں کے بجائے بی جے پی قائدین کو یہ واضح کرنا چاہیئے کہ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کیلئے کتنے پراجکٹس اور فنڈز حاصل کئے گئے۔ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی یاترا ناکام ہوگئی اور عوام کی تائید حاصل نہیں ہوئی۔ ہریش راؤ نے حضور آباد کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں اور ووٹ کیلئے آنے والے بی جے پی قائدین سے ترقی اور فلاحی اسکیمات کے بارے میں سوال کریں۔ہریش راؤ سے ملاقات کرنے والوں میں ایم بابو راؤ، ایم نریندر، سنیل کمار، سرینواس، جی ستیش اور دوسرے شامل ہیں۔ر