بی جے پی قائدین منادر و بھگوانوں کے چکر کاٹ رہے ہیں

   

Ferty9 Clinic


ہر شہری کے بنک اکاونٹ میں 15 لاکھ روپئے کب جمع ہوں گے ،جگاریڈی کا استفسار
حیدرآباد : کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے عوامی مسائل پر بات کرنے کے بجائے نوجوانوں میں اشتعال انگیزی پیدا کرنے کی کوشش کرنے کا تلنگانہ میں بی جے پی صدر بنڈی سنجے پر الزام عائد کیا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی ذمہ داری ہوتی ہیکہ وہ حکومت کی ناکامیوں اور غلط پالیسیوں اور فیصلوں کو آشکار کریں اور بدعنوانیوں کا پردہ فاش کریں۔ عوامی مسائل کو منظرعام پر لاتے ہوئے ان کے حل کیلئے حکومت پر دباؤ بائے لیکن بی جے پی تلنگانہ میں صرف فرقہ پرستی کو ہوا دیتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔ نوجوانوں کے جذبات کا استحصال کرتے ہوئے اشتعال انگیزی پر اتر آئی ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی کے قائدین ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے مرکز میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے کالادھن ہندوستان واپس لانے اور ہر شہری کے بنک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کا وعدہ کیا۔ مودی کے بحیثیت وزیراعظم 6 سال مکمل ہوگئے ہیں مگر کسی بھی شہری کے بنک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع نہیں ہوئے۔ وہ بنڈی سنجے سے سوال کرتے ہیں کہ وہ وزیراعظم پر دباؤ ڈالتے ہوئے کتنے دنوں میں عوام کے بنک کھاتوں میں 15 لاکھ روپئے جمع کرائیں گے، پہلے اس کی وضاحت کریں۔ عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے بی جے پی قائدین بھگوانوں اور منادر کے چکر کاٹتے ہوئے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ کانگریس کی زیرقیادت یو پی اے کے دورحکومت میں صرف پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس پر معمولی قیمتوں میں اضافہ ہونے پر بی جے پی کے قائدین نے ہنگامہ آرائی کی تھی۔ آج وہی قائدین مرکزی وزارت میں شامل ہیں۔ پٹرول، ڈیزل، پکوان گیس اور اشیائے ضروری کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ہے، عوام پریشان ہیں مگر وہ صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ کوئی ردعمل دینے کیلئے بھی تیار نہیں ہے۔