بی جے پی قائدین چیف منسٹر کے خلاف زبان سنبھال کر بات کریں

   

Ferty9 Clinic


بنڈی سنجے کا رویہ نئے فقیر کو بھیک کی جلدی کے مترادف ۔ گورنمنٹ وہپ بی سمن
حیدرآباد :۔ گورنمنٹ وہپ بی سمن نے تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کو اپنی زبان قابو میں رکھنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنے پر سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کرانتی کرن روہت ریڈی اور ایم ایل سی ایم سرینواس ریڈی بھی موجود تھے ۔ گورنمنٹ وہپ نے کہا کہ چیف منسٹر نے کوئی پہلی مرتبہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات نہیں کی ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے اب تک کئی مرتبہ ملاقاتیں کی ہیں ۔ مرکزی حکومت سے ریاستی حکومتوں کے تعلقات عام بات ہے ۔ روایت کے مطابق چیف منسٹرس ریاستوں کے مسائل پر وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہیں ۔ ایک رکن پارلیمنٹ ہونے کے باوجود بنڈی سنجے اس سے واقف نہیں ہیں ۔ تلنگانہ بی جے پی صدر کے سوال پر نہیں بلکہ ریاست کے عوام کو جوابدہ ہیں اس لیے ہم چیف منسٹر کے دہلی دورہ پر ردعمل کا اظہار کررہے ہیں ۔ ریاست کو مرکز سے وصول طلب فنڈز ، زیر التواء بقایا جات ، ریاستوں کے آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں چیف منسٹر کے سی آر نے دہلی میں وزیراعظم کے بشمول وزراء سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ لیکن بنڈی سنجے جس لب و لہجہ میں چیف منسٹر کے خلاف ریمارکس کررہے ہیں وہ انہیں زیب نہیں دیتا اور اس سطح پر بنڈی سنجے پہونچے ہی نہیں اور پہونچ بھی نہیں پائیں گے ۔ بنڈی سنجے کا رویہ نئے فقیر کو بھیک کی جلدی کے مترادف ہے ۔ چیف منسٹر کے خلاف ریمارکس کرنے سے قبل بنڈی سنجے پہلے اپنا محاسبہ کریں ۔ جمہوری اصولوں پر اپنی معلومات میں پہلے اضافہ کرلیں ۔ اگر بنڈی سنجے اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتے تو عوام ہی انہیں سبق سکھائیں گے ۔۔