بی جے پی قائدین کا مرکز میں نامزد عہدوں کا جھانسہ

   

دو کروڑ روپئے ہڑپ لئے ۔ قومی جنرل سکریٹری مرلیدھر راو بھی شامل
حیدرآباد 26 مارچ (سیاست نیوز) مرکز میں نامزد عہدوں کا جھانسہ دے کر کروڑہا روپئے غبن کرنے والے بی جے پی قائدین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ عدالت کی ہدایت پر سرور نگر پولیس نے کارروائی انجام کی جس میں بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ بھی شامل ہیں۔ سرور نگر پولیس نے کرائم نمبر 214 کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرلی دھر کے قریبی ساتھی و بااعتماد رفیق سمجھے جانے والے کرشنا کشور نے جعلی دستخط بھی کرڈالی۔ مرکزی وزیر نرملا سیتارامن کے فرضی دستخط کرتے ہوئے درخواست گذار کو دھوکہ دیا اور بی جے پی کے قومی قائدین سے راست تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے تقریباً 2 کروڑ سے زائد رقم ہڑپ لی۔ اس سارے معاملہ میں سرور نگر پولیس نے 9 افراد کے خلاف رنگاریڈی کی ایک عدالت کے احکام پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس سرور نگر ذرائع کے مطابق ٹی پرورتا ریڈی کی شکایت پر کارروائی کا آغاز ہوا ہے۔ امکان ہے کہ پولیس سرور نگر عنقریب ان قائدین سے پوچھ تاچھ کرے گی۔