ملازمین کی تقسیم میں بے قاعدگیوں کی شکایت ، جی او 317 سے دستبرداری کا مطالبہ
حیدرآباد۔31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی قائدین کے ایک وفد نے آج گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے راج بھون میں ملاقات کی اور ملازمین کی تقسیم سے متعلق جی او 317 سے دستبرداری کیلئے حکومت کو ہدایت دینے کی اپیل کی۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے کی قیادت میں گورنر سے ملاقات کرنے والوں میں ارکان اسمبلی ایٹالہ راجندر ، رگھونندن راؤ ، راجہ سنگھ ، جی وٹھل سوامی گوڑ، اندرا سین ریڈی ، ایس کمار اور دوسرے شامل تھے۔ گورنر کو نئے زونل سسٹم کے تحت ملازمین کی تقسیم کے طریقہ کار سے واقف کرایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے جی او 317 جاری کیا ہے جس پر عمل آوری کی صورت میں ملازمین اور اساتذہ کے ساتھ سنگین ناانصافی ہورہی ہے ۔ گورنر سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ گورنر کو ملازمین اور اساتذہ کے مسائل سے واقف کرایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ریاست میں پھر ایک مرتبہ عوامی سطح پر عام ہڑتال کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے تبادلوں میں بڑے پیمانہ پر کرپشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کبھی بھی ملازمین کی تنظیموں کی مخالفت نہیں کی ہے۔ کے سی آر حکومت کو ملازمین کو ہراساں کرنے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ملازمین کے نمائندوں سے بات چیت کرنی چاہئے ، اس وقت تک تبادلوں کا عمل موخر کیا جائے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ صدر جمہوریہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ پر گزشتہ 40 ماہ کے دوران عمل آوری نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملازمین اور اساتذہ سے مشاورت کئے بغیر یکطرفہ طور پر جی او 13 جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی او سے دستبرداری تک بی جے پی ملازمین کے احتجاج میں شانہ بشانہ شریک رہے گی۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ آئندہ مارچ تک بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ریاست گیر سطح پر عام ہڑتال منظم کرے گی۔ بی جے پی عنقریب احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ بتایا جاتاہے کہ گورنر نے جی او 317 کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ ر