چینائی: بی جے پی قائد اور سابق فلم اداکارہ خوشبو سندر کا ٹوئٹر اکائونٹ ہیک کرلیا گیا اور گزشتہ تین دنوں سے وہ اپنے اکائونٹ تک رسائی میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج اپنی شکایت درج کروانے تمل ناڈو کے پولیس سربراہ سے ملاقات کریں گی۔ خوشبو نے بتایا کہ اس سلسلہ میں حالانکہ ٹوئٹر نے انہیں انتباہ دیا تھا لیکن اس کے بعد سب کچھ اتنی جلدی ہوگیا کہ وہ اس معاملہ کو سمجھ ہی نہیں سکیں۔ یاد رہے کہ ٹوئٹر پر خوشبو سندر کے 1.3 ملین فالوورس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیکر نے ان کے اکائونٹ کے تمام ٹوئٹس کو یا تو حذف کردیا ہے یا اسے ’’آرکائیو‘‘ میں ڈال دیا ہے۔ تاہم وہ امید کرتی ہیں کہ اس حرکت سے کہیں ہیکر نفرت پھیلانے یا تشدد بھڑکانے کی وجہ نہ بن جائے اور نہ ہی اسے کسی بھی ملک دشمن کارروائی میں استعمال کیا جائے۔ واضح رہے کہ 50 سالہ خوشبو سندر جاریہ سال کے اوائل میں چینائی کے تھائوزنڈ لائٹس حلقہ انتخاب سے بی جے پی کی امیدوار تھیں تاہم ڈی ایم کے امیدوار نے انہیں شکست دی تھی۔ گزشتہ سال اکٹوبر میں خوشبو سندر نے کانگریس پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔