جموں : جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کے سانبہ کے ضلع صدر کشمیرا سنگھ نے ٹکٹوں کے تقسیم کے معاملے پر پارٹی سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے مستعفی ہونے کا اعلان ہفتہ کو سانبہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس وقت سے پارٹی کی خدمت کی جب اس کا کوئی رکن پارلیمان تھا نہ کوئی رکن اسمبلی تھا۔ موصوف لیڈر نے کہا کہ میں گذشتہ چالیس برسوں سے جد وجہد کرتا رہا لیکن اب جب 30 برسوں کے بعد سانبہ اسمبلی نشست کھولی گئی تو منڈیٹ سرجیت سنگھ سلاتھیہ کو دیا گیا جو نیشنل کانفرنس کے ساتھ وابستہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں شیخ محمد عبداللہ کے نظریہ کو شامل کیا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہمیشہ جموں کے خلاف رہے ہم ان کے ساتھ کبھی بھی کام نہیں کریں گے ۔