بی جے پی ‘ لالو یادو کو زہر دینا چاہتی ہے : رابڑی دیوی کا الزام

,

   

پٹنہ 21 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف منسٹر بہار و راشٹریہ جنتادل کی قومی نائب صدر رابڑی دیوی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کی پارٹی کے سربراہ و شوہر لالو پرساد یادو کو زہر دینے کی سازش کر رہی ہے ۔ بی جے پی نے اس الزام کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے ۔ لالو پرساد یادو رانچی جیل میں ہیں جنہیں چارہ اسکام کے مقدمات میں سزا ہوئی ہے ۔ وہ فی الحال جھارکھنڈ کے دارالحکومت میں ایک دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔ رابڑی دیوی نے کہا کہ بی جے پی حکومت انہیں دواخانہ میں زہر دیتے ہوئے ہلاک کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ رابڑی دیوی نے ایک منٹ کے اپنے ویڈیو کلپ میں کہا کہ اگر مرکزی حکومت اور بہار و جھارکھنڈ کی ریاستی حکومتیں لالو یادو کو ہلاک کرنا چاہتی ہیں اور اگر یہ حکومتیں لالو یادو کے سارے خاندان کو ہلاک کرنا چاہتی ہیں تو وہ ایسا کرسکتے ہیں لیکن ان کی ڈکٹیٹر شپ نہیں چلے گی ۔ یہ ویڈیو رابڑی دیوی نے اپنے ٹوئیٹر پر پیش کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لالو پرسادو یادو کو کچھ ہوتا ہے تو بہار اور جھارکھنڈ کے عوام سڑکوں پر اتر آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو کل اپنے والد سے ملاقات کیلئے گئے تھے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ۔ آمرانہ حکومت نے ایک حکمنامہ جاری کردیا اور کہا کہ تیجسوی یادو ملاقات نہیں کرسکتے ۔ رابڑی دیوی نے کہا کہ عموما ہفتے کو تین لوگوں کو لالو یادو سے ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے لیکن کل ایسا نہیں کیا گیا ۔ جیل قوانین کے مطابق لالو یادو کو ہر ہفتے کے دن تین افراد سے ملاقات کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ اس سے قبل 7 اپریل کو بھی تیجسوی یادو نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں اپنے علیل والد سے ملاقات کا موقع نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے حکومت کے اس اقدام کو آمرانہ قرار دیا ۔اب رابڑی دیوی نے حکومت پر زہر دینے کی سازش کا الزام عائد کیا ہے ۔