اگرتلہ : سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے ایودھیا میں رام مندر کی تکمیل کے بارے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل فرقہ وارانہ خطوط پر لوگوں کو تقسیم کررہی ہے۔ شاہ نے تریپورہ میں5 جنوری کو بی جے پی کی 8 روزہ رتھ یاترا کو جھنڈی دکھاتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ رام مندرکا دورہ کریں جس کے جنوری 2024 تک تیار ہونے کی امید ہے۔ یچوری نے کہا کہ یہ اعلان اگست 2020 میں پہلے ہی کردیاگیا تھا۔ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور اپنے وعدوں پر عمل درآمد میں ان کی ناکامی پر سوالات کا جواب دیئے بغیر، رام مندر کے مسئلے کو اجاگرکیا،” یچوری نے سی پی آئی ۔ ایم ریاستی کمیٹی کی دو روزہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا۔ یچوری نے کہا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ نے حال ہی میں مسلمانوں، عیسائیوں اور کمیونسٹوں کو اپنا اہم دشمن قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا آر ایس ایس چیف کے اعلان کا مطلب ہے کہ سنگھ پریوار 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اقلیتوں اور کمیونسٹوں کے خلاف اپنے حملے اور نفرت کو تیزکردے گا۔ اگلے پارلیمانی انتخابات سے پہلے، یہ سنگھ پریوار کا واحد ذریعہ ہوگا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم نے اپنے بیرون ملک دوروں کے دوران ہندوستان کو جمہوریت کی ماں قرار دیا اور گاندھی کے نظریے کو پھیلایا، جبکہ ہندوستان میں اقتدار کی سیاست میں مصروف رہے۔ یچوری نے مزید کہا کہ اس اعلان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک میں فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت میں اضافہ ہوگا۔ یچوری نے کہا، بی جے پی اور اس کے اتحادی خطرناک طریقے سے مہم چلا رہے ہیں کہ ہندوستان میں صرف ہندو ثقافت اور روایت ہی غالب ہوگی۔ بائیں بازوکے رہنما نے کہا کہ تریپورہ اسمبلی انتخابات قومی سیاست، سیکولرازم اور جمہوریت کے تحفظ کے لحاظ سے اہم ہوں گے۔ انہوں نے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تریپورہ کی پوزیشن جرائم کے معاملے میں ملک میں سب سے خراب ہے۔ انہوں نے کہا تریپورہ میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں، ہمارا بنیادی مقصد تریپورہ کے لوگوں کو حکمراں بی جے پی کی دہشت کے راج سے آزاد کرانا اور امن اور جمہوریت کو بحال کرنا ہوگا۔