بی جے پی لیڈر کے بیٹے کا پولنگ بوتھ پر قبضہ، ویڈیو بنائی

,

   

گجرات میں کھلے عام جمہوریت کا قتل

احمدآباد: گجرات میں جمہوریت کا قتل ہوا ہے۔ بی جے پی ایم پی جسونت سنگھ بھبھور کے بیٹے وجے بھبھور نے نہ صرف ایک پولنگ بوتھ پر قبضہ کرلیا اور بڑی تعداد میں بوگس ووٹ ڈالے بلکہ اس نے اس پورے واقعہ کا سوشل میڈیا پر لائیو اسٹریم کے ذریعہ ویڈیو شیئر کیا۔ قانون کا مذاق اڑاتے ہوئے بنایا گیا ویڈیو وائرل ہوگیا۔زی نیوز گجراتی کی رپورٹ کے مطابق گجرات کے داہود لوک سبھا سیٹ کا یہ واقعہ ہے جہاں پارتھم پور گاؤں کے پورے پولنگ بوتھ پر ہی مبینہ طور پر قبضہ کرلیا گیا۔ داہود لوک سبھا حلقہ میں بی جے پی لیڈر جسونت سنگھ بھبھور کے بیٹے وجے بھبھور نے بوتھ میں گھس کر ای وی ایم پر قبضہ کر لیا اور ویڈیو بناکر کہہ رہا ہے کہ ’ای وی ایم میرے باپ کا ہے، یہاں صرف بی جے پی چل رہی ہے‘۔ وجے بھبھور نے بوتھ کے اہلکاروں کے ساتھ بدسلوکی بھی کی۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے اس معاملے میں دو لوگوں کو حراست میں لیا ہے۔ آن لائن ویڈیو میں وجے بھبھور نے قانون اور انتظامیہ کا کھل کر مذاق اڑایا اور ای وی ایم مشینیں ہاتھ میں اٹھاکر کہہ رہا ہے کہ یہ سب میرے باپ کی ہے۔فی الحال اس ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کردیا گیا ہے لیکن یہ پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگیا۔