حیدرآباد۔ وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے آج بی جے پی نیشنل جنرل سکریٹری و انچارچ تلنگانہ ترون چغ پر تنقید کی جنہوں نے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف ریمارکس کئے ہیں۔ سرینواس یادو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھی مرکزی وزراء کے خلاف بیان بازی کرسکتے ہیں تاہم م ایسا نہیںکرتے کیونکہ ہم جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں اور لوگ فیصلہ کرینگے کہ کون بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ جماعتیں حیدرآباد اور تلنگان میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانا چاہتی یہں۔ بی جے پی مذہب کے نام پر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ اسی لئے اس نے ایک مندر کی اراضی پر قبضہ کی کوشش پر مسئلہ پیدا کرنا چاہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین نے جی ایچ ایم سی انتخابات سے قبل عوام کو 25 ہزار روپئے کی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اب انہیں چاہئے کہ وہ عوام کو فوری 25 ہزار روپئے کی عبوری راحت فراہم کریں۔ بی جے پی ایسا کرنے کی بجائے عوام کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کوشاں ہے اور وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو نظر انداز کر رہی ہے ۔
