بی جے پی ملازمتوں کیلئے حیدرآباد کے بجائے دہلی میں ملنیم مارچ منظم کرے

   

مرکزی حکومت کتنے ملازمتیں فراہم کی ہے اس پر وائیٹ پیپر جاری کریں: ہریش راؤ

حیدرآباد ۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیرفینانس ٹی ہریش راؤ نے بی جے پی کے قائدین کو ملازمتوں کیلئے حیدرآباد کے بجائے دہلی میں ملینیم مارچ منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے اور دوسرے قائدین ملازمتوں کیلئے تلنگانہ میں واویلا مچارہے ہیں اور بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں جبکہ بی جے پی کے قائدین کو پہلے اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سال 2014ء میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں سال میں 2 کروڑ نئی ملازمتوں کیلئے اعلامیہ جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ کیا مرکزی حکومت نے ابھی تک 14 کروڑ ملازمتوں کی فراہمی کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے بنڈی سنجے اس کی وضاحت کریں۔ تلنگانہ میں زیادہ جائیدادیں مخلوعہ ہیں یا ملک میں زیادہ جائیدادیں مخلوعہ ہیں اس کی تفصیلات پیش کریں۔ ہوا میں بات کرنے کے بجائے اعدادوشمار پیش کریں۔ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت میں کتنی ملازمتیں فراہم کی گئی اس پر وائیٹ پیپر جاری کریں۔ بی جے پی کے دورحکومت میں ہی ملک میں سب سے زیادہ بیروزگاری کا اضافہ ہوا ہے۔ نوجوان سب سے زیادہ ان 7 سال میں پریشان ہوئے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے روزگار کی فراہمی پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے۔ مختلف محکمہ جات میں 1,32,899 لاکھ ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مزید 50 تا 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ جی او 317 جاری کرتے ہوئے 95 فیصد مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کی مخالفت کرتے ہوئے مقامی نوجوانوں کو روزگار سے محروم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ن