بی جے پی ملک کو ترقی راہ پر لے جانے کی اہل:بہوگنا

   

پریاگ راج4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) اتر پردیش میں یوگی کابینہ کی رکن ریتا بہوگنا جوشی کا دعوی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واحد ایسی سیاسی جماعت ہے جو ملک کو ایک ساتھ لے کر چلنے کے قابل ہے ۔ الہ آباد پارلیمانی سیٹ سے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جوشی نے بدھ کے روز شہر میں روڈ شو کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور ریاست کی بی جے پی حکومت کے دور حکومت میں مختلف عوامی فلاحی اسکیموں کا فائدہ راست طور پر عوام تک پہنچایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا گزشتہ پانچ سال میں ملک کی بے مثال ترقی ہوئی۔ ملک گیارہویں مقام سے چھٹے نمبر پر آ کر طاقتور بن گیا ہے ۔ پوری دنیا میں وزیراعظم نریندر مودی کی گونج ہے ۔ مودی نے براہ راست فوائد کی منتقلی اسکیم (ڈی بی ٹی) کے ذریعے سبسڈی ،براہ راست کسانوں کے کھاتوں میں ٹرانسفر کرنے کا کام کیا ہے ، جس سے غریبوں کا حق مارنے والے پریشان ہیں۔ جوشی نے کہا کہ اس اسکیم سے ان کی کمائی کا ذریعہ ختم ہو گیا۔