بی جے پی ملک کو چند ہاتھوں کے حوالے کررہی ہے

   

تین زرعی قوانین کیخلاف کسانوں کے احتجاج کی تائید:اکھلیش
جونپور:سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ و سابق وزیرا علی اکھلیش یادو نے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت چند ہاتھوں میں ملک کا سب کچھ دینے کی خواہاں ہے لیکن سماج وادی پارٹی ہر حال میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ایس پی سربراہ سابق ایم ایل اے و کابینی وزیر پارس ناتھ یادو کی جینتی پر منعقد ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران سوال کیا کہ’جولوگ بلڈوزر لے کر گھوم رہے ہیں وہ پہلے یہ بتائیں کہ بلڈوزر کہاں چلنا چاہئے ۔ جن کے گھر کے نقشے پاس نہیں ہیں ان کے گھروں پر یا 50سالہ خاتون کے ساتھ عصمت دری کرنے والے ملزمین کے گھروں پر؟۔سابق وزیر اعلی نے تین زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ رہی ہے کہ قانون خراب ہے اور حکومت اسے ٹال ڈے لیکن حکومت اس میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے ۔انہوں نے انتباہی انداز میں کہا کہ اگر حکومت یہ قوانین واپس نہیں لیتی ہے تو آنے والے دنوں میں اس حکومت کا کوئی پتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جمہوریت کی بقا کی جدوجہد کا یہ آخری الیکشن ہے اس میں سماج وادی پارٹی کو ضرور کامیاب بنائیں بصورت دیگر جمہوریت کا تصور ذہن سے نکال دیں۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی(ایس پی)نے جب کسانوں کی حمایت کا اعلان کیا تو حکومت نے کہا کہ یہ سیاسی مسئلہ نہیں ہے یہ کسانوں کا مسئلہ ہے ۔ لیکن اگر سماج وادی کسانوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہونگے تو پھر کون کھڑا ہوگا۔