مودی حکومت کے خلاف جمہوری طاقتیں متحد ہو جائیں، کھمم میں سی پی آئی کی صدسالہ تاسیس تقاریب، چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد۔ 18 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ملک کے لئے برطانوی سامراج سے زیادہ خطرناک ہے اور ملک کی تمام جمہوری اور عوامی طاقتوں کو نریندر مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کرنی چاہئے۔ ریونت ریڈی نے آج کھمم میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی صدسالہ تاسیسی تقاریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کمیونسٹ پارٹیوں کی مہم سے متاثر ہوکر کانگریس نے بھی جدوجہد کی اور عوام دشمن حکومت کا صفایا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فاشسٹ نظریات کی حامل طاقتوں کے خلاف ہر کسی کو جدوجہد کا عہد کرنا چاہئے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قیام کے 100 سال کے تکمیل پر کھمم میں 3 روزہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقاریب کے آخری دن جلسہ عام منعقد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں بائیں بازو کارکنوں نے شرکت کی۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش سے بھی قائدین اور کارکن تقاریب میں شامل ہوئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ملک کی جدوجہد آزادی میں کانگریس پارٹی کے ساتھ کمیونسٹ پارٹی کے رول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ جدوجہد کے نتیجہ میں ملک کو آزادی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی نے بے زمینوں کو اراضی کا نعرہ دیا تھا جبکہ کانگریس نے ملک کو دستور فراہم کرتے ہوئے جمہوریت کو نافذ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریبوں کو روزگار کی فراہمی کے لئے منریگا اسکیم متعارف کی تھی لیکن نریندر مودی حکومت نے اسکیم کو ختم کردیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی نے زمینداروں کے خلاف مسلح جدوجہد کرتے ہوئے حیدرآباد اسٹیٹ کو انڈین یونین میں شامل کرنے میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح جدوجہد کے دوران 4000 کمیونسٹ کارکنوں نے اپنے جانوں کی قربانی دی۔ کمیونسٹ پارٹی نے ہمیشہ فرقہ پرست طاقتوں کی مخالفت کی اور کھمم ضلع کمیونسٹوں کا قلعہ ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں بی جے پی کا رول برطانوی سامراج سے زیادہ نقصان دہ ہے۔ بی جے پی کو ’’برٹش جنتا پارٹی‘‘ قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ انگریزوں کی طرح بی جے پی عوام میں پھوٹ پیدا کرتے ہوئے اقتدار پر برقرار رہنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دراصل انگریزوں کے نظریات پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کارپوریٹ کمپنیوں کے مفادات کے لئے کام کررہے ہیں۔ منریگا اسکیم کی برخواستگی کے ذریعہ کارپوریٹ اداروں کی مدد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 400 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن راہول گاندھی اور کمیونسٹ پارٹیوں کی مہم کے نتیجہ میں بی جے پی 240 نشستوں پر محدود ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی SIR کے ذریعہ کمزور طبقات کو رائے دہی کے حق سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے تحفظ کے لئے ملک کی تمام جمہوری طاقتوں کو متحدہ طور پر مہم چلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی 140 سال کی عظیم تاریخ رکھتی ہے جبکہ سی پی آئی نے اپنے قیام کے 100 مکمل کرلئے ہیں۔ دونوں پارٹیاں اپنی طویل جدوجہد کے ذریعہ عوام کے حقوق دلانے کا ریکارڈ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لئے کھمم ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے اور اس ضلع میں کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کو وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کے لئے تمام جمہوری طاقتوں کو متحد ہونا چاہئے۔ 1