نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر آٹو کمپنیوں کے ساتھ سازباز کا الزام لگاتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ان کمپنیوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے دہلی کے مڈٖل کلاس کے 61 لاکھ لوگوں کو نئی گاڑیاں خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر منیش سسودیا نے آج ایک پریس کانفرنس میں ویب سیریز ’’پنچایت‘‘کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں سام، دام، دنڈ، بھید اور جھوٹ بول کر، سازشیں کر کے ، لوگوں کو بدنام کر کے پھلیرا کی نئی پنچایت بنتی ہے ۔ دہلی حکومت بھی پھلیرا کی نئی پنچایت کی طرح برتاؤ کر رہی ہے ۔ سام، دام، دنڈ، بھید اپنا کر جانچ ایجنسیوں اور پولیس کا غلط استعمال کر کے انہوں نے پھلیرا کی نئی پنچایت بنا لی لیکن ان کا مسئلہ یہ ہے کہ انہیں حکومت چلانی نہیں آتی۔ سسودیا نے کہا کہ دہلی حکومت نے لوگوں کے لیے کار اور موٹر سائیکل چلانا مشکل بنا دیا ہے ۔