بی جے پی میرے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہکر رہی ہے : راگھوچڈھا

   

نئی دہلی : عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ راگھو چڈھا نے جمعرات کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے ان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہی ہے ۔ چڈھا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پورے ملک نے دیکھا ہے کہ کس طرح وزیر اعظم نریندر مودی کی آمرانہ حکومت نے دہلی حکومت کا گلا گھونٹنے کے لیے غیر آئینی بل پاس کیا ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا اتنے سے بھی دل نہیں بھرا ہے ۔ اب مودی سرکار نے ایک نئی روایت شروع کی ہے کہ جو بھی اس کے خلاف بولے گا، وہ اس کی رکنیت منسوخ کر دے گی، اسے معطل کر دے گی یا ایف آئی آر درج کر دے گی۔ مودی حکومت کو جمہوریت کا ڈرامہ کرنے کے بجائے ملک میں آمریت کا اعلان کردینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی افواہ کمپنی بی جے پی کے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا کہ دستخط غلط ہوگیا۔ امت شاہ ملک کے دوسرے نمبر کے وزیر ہیں۔ ان کو ایوان کی کارروائی کے بارے میں عمومی علم ہونا چاہیے ۔ سلیکشن کمیٹی میں کسی بھی رکن کے ذریعہ کسی بھی رکن کا نام تجویز کیا جاسکتا ہے اور اس کے دستخط کی ضرورت نہیں ہے ۔ دراصل مودی حکومت کا واحد مقصد راہل گاندھی کی طرح راگھو چڈھا کی رکنیت بھی ختم کرنی ہے ۔ لیکن ہم لڑنا اور جیتنا جانتے ہیں۔