بی جے پی میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور غلط

   

پارٹی کے استحکام سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ۔ بنڈی سنجے

حیدرآباد۔27۔مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی میں کوئی اختلافات نہیں ہیں ‘ پارٹی کے استحکام سے خوفزدہ جماعتیں بے بنیاد افواہوں سے پارٹی کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے نے پارٹی قائدین میں اختلافات کی تردید کی اور دعویٰ کیا کہ ایٹالہ راجندر اور کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی سے کوئی اختلافات نہیں ہیں اور نہ ان کو ان سے کوئی رنجش ہے بلکہ تلنگانہ بی جے پی قائدین پارٹی کے استحکام اور تلنگانہ میں پارٹی کو اقتدار پر لانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ بنڈی سنجے نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی قومی قیادت ملک کی تمام ریاستوں میں پارٹی قائدین کی اہلیت کا جائزہ لینے کے بعد انہیں ذمہ داریاں تفویض کرتی ہے اور تلنگانہ میں پارٹی نے جو نشانہ مقرر کیا ہے اس کے مطابق تمام قائدین کو ذمہ داریاں حوالہ کی گئی ہیں لیکن بعض لوگ پارٹی قائدین میں پھوٹ ڈالنے اور بدگمانیاں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ بی جے پی داخلی اختلافات میں الجھ کر حقیقی مسائل پر توجہ نہ کرے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے ریاست میں بی جے پی کے طرز کارکردگی پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ شمالی ہند کے طریقہ سے جنوبی ہند میں کام کرنے سے گریز کرنا چاہئے بلکہ تلنگانہ میں کاکردگی کو بہتر بنانے تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ اسی طرح سابق رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کے بھی ریاستی قیادت پر اعتراض کی اطلاعات تھیں لیکن انہوں نے بھی ریاستی صدر سے اختلافات کی تردید کی اور کہا کہ پارٹی نے جسے جو ذمہ داری دی ہے وہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کررہے ہیں۔ م