بی جے پی میں جیٹلی کے بغیر قانونی و دستوری فیصلے ناممکن تھے

   

سابق وزیر فینانس کو رام مادھو کا خراج عقیدت
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( پی ٹی آئی ؍سیاست نیوز) بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر و سابق مرکزی وزیر جیٹلی کو قانونی، دستوری اور دیگر معاملات میں پارٹی کا ایک اہم ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ ان معاملات میں جیٹلی کے بغیر شاید ہی کبھی کوئی اُمور انجام دیئے جاتے تھے۔ مادھو نے کہا کہ جیٹلی میں بیک وقت ایک طرف وزارت فینانس تو دوسری طرف وزارت دفاع سے نمٹنے کی صلاحیت موجود تھی۔ مختلف ریاستوں کے قائدین اپنی ریاستوں سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیلئے سب سے پہلے جیٹلی سے رجوع ہوا کرتے تھے۔ چنانچہ مرکز ہو کہ ریاستیں جہاں کہیں بھی قانونی، دستوری اور تنظیمی مسائل پیدا ہوتے تھے تو جیٹلی کے پاس رکنا ضروری ہوتا تھا۔ رام مادھو آج یہاں تلنگانہ بی جے پی ہیڈ کوارٹرس پر جیٹلی تعزیتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کے علاوہ سینئر لیڈر این اندر سین ریڈی، رکن قانون ساز کونسل رامچندر راؤ، دھرما راؤ، پرمیندر ریڈی، وینکٹ رمن، جی گوئیند ، راکیش ریڈی اور دوسروں نے بھی آنجہانی قائد کو خراج عقیدت ادا کیا۔