چیف منسٹر آسام ہیمنتا بسوا سرما کے متنازعہ ریمارکس کی شدید مذمت۔ بی جے پی آفس کے گھیراؤ کی کوشش
حیدرآباد : یکم مئی ( سیاست نیوز) تلنگانہ مہیلا کانگریس کی جانب سے خواتین کیخلاف آسام کے چیف منسٹر ہمنتا بسوا شرما کے نازیبا و غیر اخلاقی ریمارکس کیخلاف آج بی جے پی آفس کا گھیراؤ کیا گیا ۔ تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر ایم سنیتا راؤ نے چیف منسٹر آسام کو خواتین سے غیر مشروط معذرت خواہی کا مطالبہ کیا اور ’ بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ ‘ کا نعرہ دینے والے وزیراعظم مودی کو خاموشی توڑکر فوری ہمنتا بسوا شرما کو چیف منسٹر کے عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ بی جے پی کے پاس خواتین کا کوئی احترام نہیں ہے ، جمہوری عہدہ پر فائز ہوکر چیف منسٹر آسام نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں خواتین کو سرکاری نوکریاں حاصل کرنے اپنی عزت گنوانی پڑتی تھی ، ان نازیبا ریمارکس کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔ آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا کی ہدایت پر آج ملک بھر میں چیف منسٹر آسام کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس نے کہا کہ ہمنتا بسوا سرما کے ریمارکس سے پتہ چل گیا ہے کہ بی جے پی کے پاس خواتین کا کوئی احترام نہیں ۔ توہین آمیز غیر ذمہ دارانہ تبصرے کی مہیلا کانگریس سخت مذمت کرتی ہے ۔ محنت سے تعلیم حاصل کرکے ترقی کرنے والی خواتین کیلئے چیف منسٹر آسام کے ریمارکس توہین آمیز ہیں اور ہمارے جمہوری اداروں میں خواتین کی بھرتی کی عمل سالمیت کو بھی نقصان پہنچاتا ہے ۔ وزیراعظم کو خواتین کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کا نوٹ لینا چاہیئے اور ان ریمارکس پر بی جے پی موقف کا اظہار کرے ۔ سنیتا راؤ نے قومی خواتین کمیشن سے اپیل کی کہ وہ از اس کا نوٹ لے اور چیف منسٹر آسام کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس مہیلا ہندوستانی سیاست میں بدتمیزی پر مبنی ذہنیت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی ۔ وہ ملک بھر کی تمام خواتین سے اپیل کرتی ہیں کہ خواتین کی توہین کیخلاف آواز بلند کریں ۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ حیدرآباد میں بی جے پی آفس کے گھیراؤ پر پولیس نے مہیلا کانگریس کی خواتین کو گرفتار کرکے مختلف پولیس اسٹیشن منتقل کیا ۔ تلنگانہ مہیلا کانگریس نے ریاست کے تمام اضلاع ہیڈ کوارٹرس پر چیف منسٹر آسام کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے ۔ 2