بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین چوکنا ہو جائیں

   

پہلے دن کرسی پر بعد میں شہ نشین پر بھی جگہ نہیں ملتی: راجہ سنگھ

حیدرآباد۔ 12 اگست (سیاست نیوز) بی جے پی سے مستعفی ہونے والے گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ شامل ہونے سے پہلے پھر ایک بار غور کرلیں۔ پارٹی میں پہلے دن شہ نشین پر بٹھایا جائے گا بعد میں وہاں پر جگہ بھی نہ ملنے کا دعویٰ کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے پر انہوں نے زور دیا۔ واضح رہے کہ دو دن قبل بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی جی بالراج نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر رامچندر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی میں قائدین کو بہت سے خواب دکھاتے ہوئے شامل کیا جاتا ہے۔ ٹکٹ دینے کا بھی بھروسہ دلایا جاتا ہے، مگر پارٹی میں شمولیت کے بعد سازش کی جاتی ہے، کام کرنے نہیں دیا جاتا، مختلف طریقوں سے ہراساں و پریشان کیا جاتا ہے۔ گزشتہ 11 سال سے پارٹی کے چند قائدین کی وجہ سے بی جے پی کے اہم قائدین کو مختلف طریقوں سے نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر اسمبلی حلقہ گوشہ محل سے تین مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں لیکن ان پر بھروسہ کرتے ہوئے ووٹ دینے والوں کے لئے وہ کچھ بھی نہیں کر پائے جس کا مجھے بے حد افسوس ہے۔ بی جے پی کے اہم قائدین بی جے پی سے دور کیوں ہوگئے، اس کے بارے میں بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین کو غور کرنے کی ضرورت ہے۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ آج نہیں تو کل تلنگانہ بی جے پی میں موجود شیطانوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کی جدوجہد سے بی جے پی کے تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے کی توقع کا اظہار کیا۔ 2