وجے واڑہ،21 جون(یو این آئی) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کی آندھرا پردیش یونٹ کے سکریٹری راما کرشنا نے راجیہ سبھا اسپیکر ایم وینکیا نائیڈو سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے والے تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی)کے چار اراکین پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مسٹر راما کرشنا نے جمعہ کو یہاں ایک بیان میں کہا کہ ٹی ڈی پی کے چار راجیہ سبھا اراکین کا پارٹی بدلنا ملک کے جمہوری ڈھانچے کا مذاق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان چار اراکین پارلیمنٹ نے بی جے پی میں شامل ہوکر جمہوری اقدارو روایت کی بے حرمتی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بغیر مسٹر وینکیا کو ایک خط سونپ کر اعلان کر دیا کہ وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ سی پی آئی نے حال میں کی گئی نائب صدر جمہوریہ نائیڈو کے اس تبصرے کا ذکر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ منتخب نمائندوں کو کسی دیگر پارٹی میں شامل ہونے سے قبل استعفیٰ دینا چاہیے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مسٹر نائیڈو نے یہ بھی کہا تھا کہ اگرپارٹی بدلنے والے منتخب نمائندوں کو ناہل قرار دینے کے لیے قانون لایا جاتا ہے تو مناسب ہوگا۔ سی پی آئی کے رہنما نے الزام عائد کیا کہ اس وقت تمام جمہوریت نوازوں نے مسٹر نائیڈو کے اس تبصرے کی حمایت کی تھی لیکن کچھ ہی دنوں کے اندروہ اپنے ہی افکارو نظریات سے برگشتہ ہو گئے ۔ بدقسمتی ہے کہ مسٹر نائیڈو نے ٹی ڈی پی اراکین کے پارٹی بدلنے کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ مسٹر راما کرشنا نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی کے سابق اسپیکر مدھوسودنچاری اور آندھرا پردیش کے سابق اسپیکر کوڈیلا شیو پرساد راؤ نے مبینہ طور پر پارٹی بدلنے کی حوصلہ افزائی کی تھی ۔
