نئى دہلی: عام آدمی پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر دہلی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اراکین اسمبلی کو 25-25 کروڑ روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ دہلی اسمبلی کے اجلاس کے دوران عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی رتوراج نے کل کہا کہ اب بی جے پی نے دہلی میں اپنی گھٹیاسیاست شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک صرف صدر راج لگانے کی بات ہی سنائی دے رہی تھی لیکن اتوار کےروز جب وہ ایک شادی میں گئے تو وہاں کچھ لوگ تھے جو گزشتہ تین، چار روز سے فون پر مجھ سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہے تھے وہاں موجود تین چار لوگ انہیں ایک طرف لے گئے اور کہا کہ ہم آپ کو بار بار فون پر منانے اور بتانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اگر آپ رضامندنہیں ہیں تو آپ کو کچھ نہیں ملے گا۔ دہلی میں صدر راج نافذ ہونے جا رہا ہے۔ آپ رضامند ہوجاؤ اور اپنے ساتھ 10 ایم ایل اے کو توڑ کر لے آؤ۔ سب کو 25-25 کروڑ روپے دیں گے اور آپ کو وزارتی عہدہ دیں گے۔