بی جے پی میں شمولیت کا سوال ہی نہیں : ریونت ریڈی

   

Ferty9 Clinic

اسد اویسی کی تائید سے کامیاب بی جے پی کا مقابلہ کروں گا
حیدرآباد۔/14 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور ملکاجگری کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے جان بوجھ کر ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بعض افراد کیلئے سوشیل میڈیا کسی کاروبار سے کم نہیں ہے۔ اپنے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے میرے اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے نام کا استعمال کیا گیا ہے۔ وہ ان سرگرمیوں کے ذریعہ اپنا پیٹ پال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کا نام کسی بھروسہ سے کم نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ راہول گاندھی نے اسمبلی انتخابات میں مجھے شکست کے باوجود لوک سبھا حلقہ ملکاجگری سے ٹکٹ دیا یہ مجھ پر ان کے بھروسہ کا ثبوت ہے۔ عوام نے مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے ملکاجگری سے منتخب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے بھروسہ پر پورا اُترنے کی کوشش کریں گے اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسد الدین اویسی کی تائید اور حوصلہ افزائی سے جس بی جے پی کو کامیابی حاصل ہوئی ہے وہ اس کا مقابلہ کریں گے۔ دوسری طرف کے سی آر کی طرح نریندر مودی قومی سطح پر عوام کو جھوٹ کے ذریعہ گمراہ کررہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں ایسے مسائل کو شدت کے ساتھ پیش کریں گے۔ پارٹی اور عوام نے مجھ پر جو بھروسہ کیا ہے اس پر کھرا اُترنے کی کوشش کی جائے گی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ سوشیل میڈیا میں پھیلائی جارہی خبروں پر وہ تبصرہ نہیں کرنا چاہتے بلکہ مجوزہ بلدی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا صفایا اور کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔