بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات بے بنیاد: کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی

   

Ferty9 Clinic

’’مرنے پر میری نعش کانگریس پرچم میں رہے گی‘‘
حیدرآباد۔ 13 جون (سیاست نیوز) بھونگیر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قراردیا۔ میڈیا کے بعض گوشوں میں بی جے پی لیڈر رام مادھو کے ساتھ ان کی ملاقات اور شمولیت سے متعلق بات چیت کی خبروں کو گمراہ کن اور حقائق سے بعید قرار دیتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ رام مادھو کون ہیں؟ وہ جانتے تک نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقۂ انتخاب کے دورے میں مصروف ہیں ایسے وقت ان کے خلاف ایک سازش کے تحت الزام تراشی کرنا مناسب نہیں ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ انہیں پارٹی تبدیل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور بی جے پی میں شمولیت کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ میں کانگریس پارٹی میں برقرار رہوں گا اور میں نے ارکان خاندان کو کہہ دیا ہے کہ انتقال کے بعد میری نعش کو کانگریس کے جھنڈے میں لپیٹ کر رکھا جائے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت یہ خبر پھیلائی گئی کہ میں اور ریونت ریڈی بی جے پی میں شمولیت کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اس سلسلہ میں رام مادھو سے مذاکرات کیے ہیں۔