بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات مسترد ، کانگریس میں برقرار رہوں گا: دامودر راج نرسمہا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا نے بی جے پی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی میں شمولیت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے جان بوجھ کر اُن کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے اور بی جے پی میں شمولیت کی اطلاعات کو ہوا دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کانگریس پارٹی کو ہرگز نہیں چھوڑوں گا۔ میں نے کسی سے ملاقات نہیں کی اور میں حیدرآباد میں موجود ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وضاحت کے بعد بی جے پی میں شمولیت سے متعلق افواہوں کا سلسلہ بند ہوجانا چاہیئے۔ واضح رہے کہ بی جے پی قائدین کی جانب سے دامودر راج نرسمہا کو پارٹی میں شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور یہ اطلاعات گرم تھیں کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر دامودر راج نرسمہا بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کئی اہم کانگریس قائدین نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی جن میں سابق وزیر ڈی کے ارونا شامل ہیں۔