مرکزی وزیر کے ریمارک پر راہول گاندھی کا طنز، رافیل پر تبصرہ کی خواہش
نئی دہلی 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ان کے اس ریمارک پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی میں گڈکری ہی واحد شخص ہیں جن میں سچ کہنے کی کچھ ہمت و صلاحیت موجود ہے۔ گڈکری نے حال ہی میں ریمارک کیا تھا کہ ’جو خود اپنے گھر کی دیکھ بھال نہیں کرسکتا وہ ملک کا انتظام نہیں چلا سکتا‘۔ راہول گاندھی نے یہ خواہش بھی کہ اُنھیں (گڈکری کو) اب رافیل معاملت، کسانوں کی مصیبتوں اور اداروں کی پامالی و تباہی پر بھی کچھ تبصرے کرنا چاہئے۔ کانگریس کے صدر ایک اخباری رپورٹ کا تذکرہ کررہے تھے جس میں گڈکری کے حوالہ سے ان کی پارٹی (بی جے پی) کے ورکروں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ پہلے اپنے گھر کی ضروریات اور ذمہ داریاں پوری کریں کیوں کہ جو یہ کام نہیں کرسکتا وہ ملک چلانے کا انتظام بھی نہیں کرسکتا۔ راہول گاندھی نے طنز کرتے ہوئے اس اخباری رپورٹ کے ٹیگ کے ساتھ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’گڈکری جی مبارکباد! بی جے پی میں آپ ہی وہ واحد ہیں جن میں کچھ انداز و صلاحیت ہے۔ برائے مہربانی رافیل اسکام اور انیل امبانی، کسانوں کے مسائل اور ادارہ جات کی تباہی پر بھی تبصرہ کیجئے‘۔