بی جے پی میں فوری شمولیت پر کئی قائدین پس و پیش کا شکار

   

ٹکٹ کا تیقن نہ ملنے سے الجھن ۔ پارٹی عوامی کارکردگی کو پیش نظر رکھنے کے موقف پر اٹل

حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی سے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کے خواہشمند سیاسی قائدین اپنے لئے ٹکٹ کی توثیق نہ ہونے کے سبب بی جے پی میں شمولیت اختیارکرنے سے گریز کر رہے ہیں اور ان قائدین کو ٹکٹ کا کوئی تیقن نہ ملنے سے بی جے پی قومی قیادت سے ہی ہدایت دی گئی ہے ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کی خاموش سرگرمیوں اور ہندوتوا کو فروغ دینے کے دوران اس بات کی اطلاع منظر عام پر آئی کہ کانگریس اور بی آر ایس کے کئی قائدین بی جے پی سے رابطہ میں ہیں لیکن وہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے میں پس و پیش کا شکار ہیں کیونکہ بی جے پی کی جانب سے انہیں شمولیت کے باوجود ٹکٹ کی توثیق کے سلسلہ میں کوئی طمانیت نہیں دی جا رہی ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ وہ پارٹی میں شامل ہوکر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اس کے بعد ان کو ٹکٹ دینے کے متعلق فیصلہ کیا جائیگا ۔ سرکردہ بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ پارٹی اپنے اصولوں سے انحراف کرکے دوسری جماعتوں سے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو ٹکٹ کا تیقن نہیں دے گی بلکہ بنیادی سطح پر پارٹی کیلئے کام کرنے والے قائدین کو ترجیح دی جائیگی لیکن اگر کوئی طاقتور سیاسی قائد پارٹی میں شمولیت اختیار کرتا ہے تو اسکے اور پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تال میل کا مشاہدہ کرنے کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ کسے ٹکٹ دیا جائے۔ تلنگانہ بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ قومی قائدین نے تلنگانہ میں دیگر جماعتوں سے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین کو شامل کروانے جو کمیٹی تشکیل دی اس کی جانب سے دیگر جماعتوں کے قائدین جو رابطہ میں آرہے ہیں انہیں واضح کیا جا رہاہے کہ ان کے پارٹی میں شامل ہوتے ہی ٹکٹ یا کسی عہدہ کا پیشکش نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کی صلاحیتوں اور دیگر کارکنوں اور ان کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد ہی اس سلسلہ میں فیصلہ کرے گی۔ تلنگانہ میں حصول اقتدار کیلئے بی جے پی کی حکمت عملی کے سلسلہ میں واضح تضادات کے دوران بی جے پی نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ بی آر ایس کے کئی قائدین ان کے سرکردہ قائدین سے رابطہ میں ہیں لیکن بی جے پی کے کسی بھی قائد کی جانب سے انہیں ٹکٹ کی طمانیت نہ دیئے جانے کے سبب وہ پس و پیش کا شکار ہیں۔