محبوب نگر میں بجرنگ دل اور گاؤ رکھشک دل کے سینکڑوں کارکنوں کی بی آر ایس میں شمولیت، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر /30 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکز کی بی جے پی حکومت نے بے روزگار نوجوانوں کو 2 کروڑ ملازمین فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ اس کا کیا ہوا ۔ حکومت نے وعدہ تو پورا نہیں کیا لیکن نوجوانوں کے جذبات کا استحصال کرتے ہوئے فرقہ وارانہ منافرت ان کے ذہنوں میں گھول کر مشتعل کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر وی سرینواس گوڑ نے کیا ۔ وہ اپنے کیمپ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں بجرنگ دل اور گاؤ رکھشک دل کے سینکڑوں کارکنوں کی بی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر مخاطب تھے ۔ بی آر ایس میں شامل ہونے والوں میںٹاؤن بجرنگ دل صدر سمپت کمار، ٹاون گاؤ رکھشک صدر چندر پرساد، وینکٹیش راج شیکھر ، موہن ، نندو اور دیگر تھے ۔ ریاستی وزیر نے پارٹی کھنڈوا پہناکر ان کا خیرمقدم کیا۔ ان قائیدین کا احساس تھا کہ وہ محبوب نگر کی زبردست ترقی سے متاثر ہونے اور بی آر ایس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کی فراہمی کیلئے وہ مسلسل کوشش کر رہے ہیں ۔ آئندہ 2 ستمبر کو میگا جاب میلہ ضلع مستقر پر منعقد ہوگا ۔ مقامی نوجوان اس سے استفادہ کریں۔ اس موقع پر مستقر اور اطراف کے بی آر ایس قائدین و کارکنان موجود تھے ۔