بی جے پی نے اختلاف رائے پر کبھی کسی کو قوم دشمن نہیں کہا : اڈوانی

,

   

نئی دہلی ۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی نے آج کہا کہ ان کی پارٹی نے کبھی انہیں قوم دشمن یا دشمن قرار نہیں دیا جو سیاسی طور پر اس کے ساتھ عدم اتفاق کرے لیکن انہیں صرف حریف مانا ہے۔ یہ ریمارکس ایسے وقت سامنے آئے ہیں جبکہ سرکردہ بی جے پی قائدین نے قومی سلامتی کے مسئلہ پر سیاسی حریفوں کے خلاف قوم دشمن والی تنقیدیں کی ہیں۔ اڈوانی جن کی جگہ لوک سبھا نشست گاندھی نگر میں صدر پارٹی امیت شاہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے ، انہوں نے ایک بلاگ ’نیشن فرسٹ، پارٹی نیکسٹ، سیلف لاسٹ‘ (قوم مقدم ، اس کے بعد پارٹی، آخر میں ذاتی مفاد) کے عنوان سے تحریر کیا جبکہ 6 اپریل کو پارٹی کا یوم تاسیس ہے۔ اڈوانی نے بلاگ میں کہا کہ ہندوستانی جمہوریت کی جان تکثیریت اور اظہارخیال کی آزادی کا احترام کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے ویب پیج پر تقریباً 5 سال بعد کوئی بلاگ تحریر کیا ہے۔ 91 سالہ لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے آغاز سے ہی کبھی انہیں اپنے دشمن نہیں مانا جن کے ساتھ ہم سیاسی طور پر اتفاق نہیں کرتے ہیں، بلکہ انہیں اپنے حریف سمجھا ہے۔ اسی طرح ہندوستانی قوم پرستی کے ہمارے فہم میں ہم نے کبھی اپنے سیاسی حریفوں کو قوم دشمن بھی سمجھا۔ پارٹی ہر شہری کی شخصی کے ساتھ ساتھ سیاسی سطح پر آزادی کا احترام کیا ہے۔ اڈوانی بی جے پی کے بانیوں میں سے ہے اور سب سے زیادہ مدت تک صدر رہے۔