بی جے پی نے ایل دیپک ریڈی کو جوبلی ہلز امیدواربنانے کا اعلان کیا

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی جے پی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کیلئے ایل دیپک ریڈی کو اپنا امیدوار بنانے کا سرکاری طور پر اعلان کردیا ہے۔ واضح رہے کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں ایل دیپک ریڈی اسی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے مقابلہ کرچکے ہیں۔ پارٹی نے پھر ایک بار ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ ریاست میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے بعد تمام سیاسی ماحول بی سی طبقات کے ارد گرد گھوم رہا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے بی سی امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ۔ بی جے پی نے بھی بی سی امیدوار کے نام پر غور کیا تھا ، تاہم لمحہ آخر میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کے دباؤ پر ایل دیپک ریڈی کو اپنا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بی جے پی نے امیدوار کا انتخاب کرنے کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی رپورٹ بی جے پی قومی قیادت کو پیش کردی گئی تھی۔ بی جے پی کے اعلیٰ قائدین نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر رام چندر راؤ کو دہلی طلب کرتے ہوئے امیدوار کو قطعیت دینے سے قبل تبادلہ خیال کیا تھا۔ بالآخر قومی بی جے پی نے ایل دیپک ریڈی کو امیدوار بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ جس پر ایل دیپک ریڈی نے پارٹی کے اعلیٰ قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے تمام قائدین کا ساتھ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔2