راج گڑھ،17اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس نے الزام لگایا ہے کو ہماچل پردیش میں سرمور ضلع کی پچھاد سیٹ پر انتخابی مہم کے دوران حکمراں بی جے پی مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے جس سے واضح ہے وہ الیکشن کمیشن کے ضابطوں کو نہیں مانتی۔ریاستی کانگریس کے صدر کلدیپ سنگھ راٹھور نے آج ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ملک اور ریاست میں جمہوریت کا مذاق بنادیا ہے ۔ جمہوری روایات کو ختم کیا جارہا ہے ۔ آئینی اداروں کے وقار کو تباہ کیا جارہا ہے ۔ اور الیکشن کمیشن بھی ان پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے ۔مسٹر راٹھور نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آج ملک زبردست اقتصادی بحران سے گذر رہا ہے لیکن بی جے پی کے لیڈروں کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے ۔ ملک کی صنعتی ترقی ٹھپ پڑ گئی ہے ۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہورہے ہیں اس کے باوجو د بی جے پی لوگوں کو گمراہ کرکے اپنی سیاسی روٹیاں سینکنے میں لگی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کے گمراہ کن جال سے باہر نکل کر کانگریس کی مضبوطی کے لئے پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔کانگریس نے اس سے قبل بی جے پی پر مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے گورنر کو ایک میمورنڈم دیا۔
