بی جے پی نے ملک کو لوٹا، کے سی آر نے تلنگانہ کو کنگال بنادیا

   

ہریش راؤ استعفی جیب میں رکھیں، 15 اگسٹ سے پہلے کسانوں کے دو لاکھ کا قرض معاف کردونگا، کتہ گوڑم میں چیف منسٹرریونت ریڈی کا خطاب

کتہ گوڑم۔ /4 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی اور بی آر ایس ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی نے دس برس ملک کو لوٹا ، بی آر ایس نے ریاست تلنگانہ کو 7 لاکھ کروڑ کے قرض میں ڈبو دیا۔ اب یہ جماعتیں کیا منہ لے کر پارلیمانی انتخابات میں ووٹ مانگ رہی ہیں۔ چندر شیکھر راؤ کسانوں میں غلط فہمی پیدا کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ کسانوں کو ریتو بھروسہ جمع نہیں کیاگیا جبکہ کانگریس نے 65 لاکھ کسانوں کے اکاؤنٹ میں ریتو بھروسہ کی رقم جمع کی گئی اور چار لاکھ کسانوں کو جمع کرنا باقی ہے، میں کے سی آر سے کہتا ہوں کہ وہ جہاں بھی بات چیت کیلئے آئیں ہم تفصیلات بتانے کے لئے تیار ہیں۔ ریاست کی عوام کو دھوکہ دے کر یہ سیاسی قائد کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش میں ہیں، میں عوام سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ یہ شخص نشہ میں بات کررہا ہے یا ہوش میں آکر لب کشائی کررہا ہے۔ کار کے نشان پر ریاست تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی گود میں بیٹھ کر GST ، تین طلاق، یونیفارم سیول کوڈ کی تائید کرنے والے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کو کنگال بنادیا۔ انہوں نے کے ٹی آر کا مضحکہ اُڑاتے ہوئے کہا کہ کار پرزہ پرزہ ہوچکی ، اسکراپ میں فروخت کرنے کا وقت آگیا اور کے ٹی آر کہتے ہیں کہ کار مرمت کے لئے کارخانہ میں ہے۔ عوام مسترد کردینے کے باوجود بھی آپ کا گھمنڈ نہیں گیا۔ کانگریس نے جو کہا وہ کردیا اور اب پارلیمانی انتخابات میں عوام بھاری اکثریت سے کامیاب کرتے ہوئے پارلیمنٹ روانہ کریں گے۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چار سو نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کی بات کرتے ہوئے اپنے ناپاک عزائم کا خواب دیکھ رہی ہے، وہ چاہتی ہے کہ ملک سے ایس سی، ایس ٹی اور بی سی تحفظات کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ تلنگانہ کے انتخابات سیمی فائنل تھے اب فائنل مقابلہ میں کانگریس زیر قیادت اپوزیشن اتحاد کی حکومت قائم ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے آج کتہ گوڑم ( کھمم ) میں رگھو رام ریڈی، بلرام نائیک، محبوب آباد کے لوک سبھا امیدواروں کی انتخابی مہم میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کسانوں کے قرض کی معافی 15 اگسٹ سے پہلے کی جائے گی۔ میں یہاں بھدرا چلم کی مندر کے علاقہ سے اعلان کررہا ہوں کہ 15 اگسٹ سے پہلے دو لاکھ روپئے کسانوں کا قرض معاف کردوں گا۔ انہوں نے ہریش راؤ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے قرض معافی کے تعلق سے ہریش راؤ نے کہا تھا کہ 15 اگسٹ سے پہلے کسانوں کا دو لاکھ روپئے قرض معاف کیا تو میں استعفی دے دوں گا، ہریش اپنی جیب میں استعفی رکھ لو میں کسانوں کے دو لاکھ کا قرض 15 اگسٹ سے قبل معاف کردوں گا۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع کانگریس کا قلعہ رہا ہے یہاں سے 2014 میں اور 2018 میں اپوزیشن کو صرف ایک ہی نشست پر کامیابی ملی تھی ۔ میں آج تمام رائے دہندوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ رگھو رام ریڈی کو کھمم سے اور بلرام نائیک کو محبوب آباد سے بھاری اکثریت سے کامیاب کرتے ہوئے انڈیا اتحاد کو طاقت بخشیں کیونکہ اب چندر شیکھر راؤ کا کام تمام ہوگیا کب کیا بولنا ہے انہیں معلوم نہیں، ہم نے انتخابی وعدے سو دن میں مکمل کرکے دکھادیااور آج ریاست کی عوام کو گمراہ کرتے ہوئے تنقیدوں پر اُتر آئے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور بی آر ایس کو سبق سکھاتے ہوئے مرکزمیں انڈیا اتحاد کو کامیاب بنائیں اس لئے کہ دس برس میں ریاست بی آر ایس کی قیادت میں کنگال ہوگئی، ملک بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی میں کیا ہورہا ہے یہ آپ تمام دیکھ رہے ہیں کہ ملک کے حالات کہاں سے کہاں آگئے، ان دونوں جماعتوں کو ووٹ مانگنے کا حق نہیں ہے۔