رانچی23 مئی (یو این آئی) سابق مرکزی وزیر اور ہزاری باغ سے بی جے پی کے ایم پی جینت سنہا نے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ نہ ڈالنے پر پارٹی سے جاری وجہ بتاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ وہ اس سے حیران ہیں۔دو صفحات کے خط کو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے مسٹر سنہا نے کہا کہ وہ بی جے پی کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔ ووٹ نہ ڈالنے کے الزام پر انہوں نے کہا کہ انہوں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالا ہے ۔مسٹر سنہا نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا کہ “مارچ 2024 میں لوک سبھا انتخابات سے بہت پہلے میں نے فعال انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ میں موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر کام کر سکوں، میں نے اس فیصلے کی اطلاع بی جے پی صدر جے پی نڈا کو بھی دے دی تھی ۔سنہا نے لکھا کہ مجھے پارٹی کے کسی پروگرام، ریلی یا تنظیمی جلسے میں مدعو نہیں کیا گیا۔ اگر بی جے پی کے ریاستی صدر بابولال مرانڈی مجھے پروگراموں میں شامل کرنا چاہتے ، تو وہ مجھے ضرور مدعو کر سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ 29 اپریل 2024 کی شام کو دہلی میں قیام کے دوران منیش جیسوال کی طرف سے اپنی نامزدگی کے جلوس میں شامل ہونے کا دعوت نامہ ملا تھا۔ دیر سے اطلاع وجہ سے یکم مئی 2024 کی صبح تک میرے لیے ہزاری باغ پہنچنا ممکن نہیں تھا، اس لیے 2 مئی 2024 کو ہزاری باغ پہنچنے کے بعد میں ان سے ملنے براہ راست منیش جیسوال کی رہائش گاہ پر پہنچا۔ اس دوران وہ وہاں موجود نہیں تھا، میں نے ان کے اہل خانہ کو اپنا پیغام اور نیک تمنائیں دیں۔