بی جے پی نے کشمیری پنڈتوں کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا:محبوبہ مفتی

   

محبوبہ مفتی جیسے لیڈر کشمیری پنڈتوں کی جلاوطنی کے ذمہ دار : بی جے پی

سرینگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا الزام ہے کہ بی جے پی نے کشمیری پنڈتوں کو ووٹ بینک کے لئے ہی نہیں بلکہ ملک میں اپنے ایجںڈے کی تکمیل کے لئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کشمیری پنڈتوں کی باز آباد کاری کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں سینئر فوٹو جرنلسٹ آنجہانی روشن لال کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کے بعد نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کشمیری پنڈتوں کو ووٹ بینک کے طور پر ہی نہیں بلکہ ان کو ملک میں ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا،مگر ان کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہجب سے یہاں بی جے پی کی سرکار بنی ہے تب سے جو یہاں کشمیری پنڈت رہتے بھی تھے وہ بھی یہاں سے بھاگ گئے ہیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جو کشمیری پنڈت لوگ جموں یا دوسری جگہوں پر مشکل حالات میں رہائش پذیر ہیں مجھے لگتا ہے کہ ان کو واپس آنے کے لئے کسی سرکار کی مدد کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عام لوگ چاہتے ہیں کہ وہ واپس کشمیر آئیں۔ان کا کہنا تھا کہ روشن لال جی کا یہاں مشکل حالات میں بھی رہنا ملک کے لئے ایک سبق ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب روشن لال جی کا انتقال ہوا تو ان کے گھر لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔دوسری طرف بی جے پی کے سینئر لیڈر کویندر گھپتا نے منگل کے روز کہاکہ محبوبہ جیسے لیڈر کشمیری پنڈتوں کی مائیگریشن کے لئے ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی نے ہمیشہ کشمیری پنڈتوں کے خلاف کام کیا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔کویندر گھپتا نے کہاکہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جس نے پنڈت برادری کے لئے بہت کچھ کیا ۔انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی کی جانب سے یہ بیان دینا کہ بھاجپا نے کشمیری پنڈتوں کو ہتھیار کے طورپر استعمال کیا ناقابل برداشت ہے ۔کویندر گھپتا نے کہاکہ جب بی جے پی نے کشمیر میں پنڈتوں کے لئے الگ کالونیاں بنانے کا فیصلہ کیا تو محبوبہ مفتی اور دوسرے لیڈروں نے اس پر اعتراض کیا۔انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی کا یہ بیان چناوی ہتھکنڈا ہے ۔ان کے مطابق کشمیری پنڈتوں کی گھر واپسی کی خاطر بھاجپا کوشاں ہے ۔