سرینگر: وادی کشمیر میںبی جے پی نے سرینگر میں ڈی ڈی سی کی ایک نشست پر پہلی جیت درج کرکے کشمیر میں اپنا کھاتہ کھولا۔بی جے پی کی طرف سے پارٹی کی یوتھ ونگ کے قومی نائب صدر اور انچارج مغربی بنگال انجینئر اعجاز حسین نے ضلع سرینگر کی کھنموہ دوم ڈی ڈی سی انتخابی حلقے سے جیت درج کی۔انہوں نے میڈیا سے کہا کہ میں لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے خدمت کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ میری جیت علاقائی پارٹیوں کے لئے یہ پیغام ہے کہ لوگ یہاں ترقی چاہتے ہیں۔دریں اثنا بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنواز حسین نے انجینئر اعجاز حسین کی جیت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ کشمیر میں کنول کا پہلا پھول کھلا ہے ، انجینئر اعجاز حسین نے کھنموہ دوم سری نگر کشمیر کے ڈی ڈی انتخابی حلقے سے بھاری ووٹوں سے جیت درج کی ہے۔ بی جے پی کے ایک اور سینئر لیڈر رام مادھو نے بھی انجنیئر اعجاز حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ڈی ڈی سی انتخابات میں بالہمامہ سرینگر میں بی جے پی کی پہلی جیت حاصل کرنے پر پارٹی کی یوتھ ونگ کے نائب صدر اور انچارج مغربی بنگال انجینئر اعجاز حسین کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
