بی جے پی نے کویتا کو دہلی لکراسکام سے بچایا : الکالامبا

   

حیدرآباد ۔ 25 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) ممبر الکالامبا نے کہا کہ دہلی لکراسکام میں دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا کے خلاف کارروائی کرنے کے بعد بی جے پی حکومت نے کے سی آر کی دختر کویتا کو اس کیس سے مبرا کردیا۔ الکالامبا نے کہا کہ ’’دہلی لکراسکام کورونا وبا کے دوران ہوا۔ اس میں تقریباً 100 کروڑ روپئے کا اسکام ہوا ہے۔ چیف منسٹر دہلی کجریوال اور کے سی آر کی دختر کویتا اس میں ملوث ہیں۔ تلنگانہ بی آر ایس کے زبردست کرپشن کے باعث قرض میں ہے‘‘۔ کل یہاں گاندھی بھون میں میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے الکالامبا نے کہا کہ 30 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں تلنگانہ کے عوام کانگریس کے چھ ضمانتوں کیلئے ووٹ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرناٹک میں خواتین کیلئے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر، خواتین کو ماہانہ 2,500 روپئے الاونس، 200 یونٹ تک مفت برقی اور 500 روپئے میں گیس سیلنڈر جیسی اسکیمات پر عملدرآمد کیا ہے۔ ہم نے کرناٹک کے کسانوں اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھی 100 دن کے اندر پورا کیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس تلنگانہ کو بی آر ایس، بی جے پی اور اے آئی ایم آئی ایم سے بچانے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تقریباً 36,000 کروڑ روپئے کی لوٹ کھسوٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں بھارت جوڑو یاترا کے بعد عوام نے کانگریس پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنایا اور بی جے پی کی ڈبل انجن حکومت کا خاتمہ کیا۔