کرناٹک نتائج کا تلنگانہ پر کوئی اثر نہیں ہوگا، تلنگانہ کے ساتھ مرکز کا ناانصافی کا رویہ
حیدرآباد۔/2جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع پرشانت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی صرف کے سی آر سے ممکن ہے اور کانگریس و بی جے پی پر عوام بھروسہ نہیں کریں گے۔ پرشانت ریڈی نے بالکنڈہ اسمبلی حلقہ میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب میں پرشانت ریڈی نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں تلنگانہ نے مختلف شعبہ جات میں ترقی کا ریکارڈ قائم کیا اور مرکزی حکومت کی جانب سے کئی ایوارڈز حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس قائدین حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ کررہے ہیں لیکن عوام ان پر بھروسہ کرنے کے موقف میں نہیں۔ پرشانت ریڈی نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کا تلنگانہ میں کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ کانگریس قائدین تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی تلنگانہ میں ترقیاتی سرگرمیوں میں حصہ داری کا جھوٹا دعویٰ کررہی ہے۔ مرکز نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا رویہ اختیار کیا ہے۔ بی جے پی کا مطلب بڑی جھوٹی پارٹی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور ریاستی صدر بنڈی سنجے حکومت کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اسکیمات پر مرکزی حکومت اپنی دعویداری پیش کررہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات پر بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں عمل کیوں نہیں کیا جاتا۔ گجرات، اتر پردیش اور دیگر ریاستوں کو جو پراجکٹس منظور کئے گئے ان پر تلنگانہ کا حق تھا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی اور کانگریس کے پروپگنڈہ سے ہوشیار رہیں۔ پرشانت ریڈی نے ان پر اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا۔ر