لکھنؤ:15جنوری(یواین آئی) سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ناانصافی اور’ادھرم’ کے راستے پر چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ہرمحاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور اس نے عوامی مفاد میں کوئی بھی قابل ذکر کام انجام نہیں دیا ہے ۔ ایس پی ریاستی ہیڈ کوارٹرمیں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی صرف نفرت کی سیاست کرتی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی رہنماؤں کو “الزام تراشی کا عادی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی یہ جماعت کمزور پڑتی ہے تو فرقہ واریت کا سہارا لیتی ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کو سرمایہ داروں کی جماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت صرف بڑے تاجروں کے منافع کیلئے کام کر رہی ہے اور عوام کو جھوٹے وعدوں سے گمراہ کر رہی ہے ۔ یادو نے دعویٰ کیا کہ سچائی اور انصاف کا راستہ ہی اصل ‘دھرم’ کا راستہ ہے ، جبکہ بی جے پی حکومت ظلم و ستم کے ذریعے لوگوں کی تذلیل کر رہی ہے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی “بلڈوزر” کا نام و نشان مٹ جائے گا اور 2027 میں یوپی کے عوام بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کر دیں گے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ سماجوادی حکومت بننے پر غریبوں، کسانوں اور نوجوانوں کے حق میں بڑے فیصلے کئے جائیں گے۔
اکھلیش یادو نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 6 فروری سے پہلے ہر اہل ووٹر کا نام فہرست میں شامل کرانے کیلئے ‘فارم-6’ بھروائیں اور بی جے پی کی مبینہ انتخابی ہیرا پھیری سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے سماجوادی دور کی کامیاب اسکیموں جیسے 1090 ویمن پاور لائن اور ایمبولینس خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت ہی ریاست میں حقیقی ترقی لا سکتی ہے۔