سونو سود پر انکم ٹیکس دھاوے افسوسناک، ڈاکٹر کے نارائنا کا ردعمل
حیدرآباد۔31۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے آندھراپردیش میں بی جے پی کی جانب سے فرقہ وارانہ منافرت پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ اور حساس مسائل پر بی جے پی قائدین اشتعال انگیز بیان بازی کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر نارائنا نے بی جے پی قائد ایس ویرا راجو پر سخت تنقید کی جنہوں نے گنٹور میں جناح ٹاور کے مسئلہ پر اشتعال انگیز بیان دیا ہے۔ نارائنا نے کہا کہ آندھراپردیش میں بی جے پی قائدین کا حال پاگل کتوں کی طرح ہوچکا ہے جو من مانی بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کنگنا راناوت نے اپنے بیانات کے ذریعہ ماحول کو زہریلا کرنے کی کوشش کی، بی جے پی قائدین ان کے نقش قدم پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی مدد کرنے والے فلم اسٹار سونو سود کے خلاف انکم ٹیکس دھاؤں کی مذمت کی اور کہا کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت کو عوام کی خدمت کرنے والے افراد پسند نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سونو سود کے خلاف انکم ٹیکس کی کارروائی کن بنیادوں پر کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوٹ بندی کے بعد بی جے پی نے کروڑہا روپئے کمائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو سی پی آئی کے خلاف بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے ۔ آندھراپردیش میں امن و ضبط کی برقراری اور فرقہ وارانہ ماحول کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ر