بی جے پی پر اُناؤ مجرم کی سرپرستی کا حزب مخالف کا الزام

   

ساکشی مہاراج کی جیل میں مجرم سے ملاقات ، سڑک حادثہ ایک سازش :متاثرہ خاندان
لکھنؤ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ۔ بی ایس پی اور ایس پی نے منگل کو حکمراں بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اپنی پارٹی کے رکن مقننہ کلدیپ سنگھ سینگر کی سرپرستی کررہی ہے جو ایک نابالغ لڑکی کی بالجبر زناکاری کے جرم میں ملوث ہیں۔ محروس بی جے پی ایم ایل اے سینگر اور دیگر 9 افراد کو دوشنبہ کے روز قتل کے جرم میں پکڑا گیا۔ اس سے ایک دن قبل زنا بالجبر کا شکار 19 سالہ لڑکی، اس کے خاندان کے لوگ اپنے وکیل کے ساتھ ایک سفر پر روانہ تھے کہ راستے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے رائے بریلی کے قریب ان کی گاڑی کو زبردست ٹکر مار دی جس میں اس لرکی کے خاندان کے دو افراد مارے گئے اور متاثرہ لڑکی اور اس کا وکیل شدید زخمی ہوگیا۔ اناؤ عصمت ریزی کا شکار لڑکی کے خاندان کے رشتہ داروں نے پولیس میں شکایت کی ہے جس میں گزشتہ اتوار کے کار حادثہ کو ایک سازش قرار دیا گیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمان ساکشی مہاراج کی زنا بالجبر کے مجرم سے جیل میں ملاقات سے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم کو حکمراں بی جے پی کی سرپرستی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ سپریم کورٹ اسے ایک قابل دست اندازی عدالت جرم سمجھا جانا چاہئے۔ کانگریس کے ورکرس نے قانون ساز کونسل کے قائد جئے کمار للو کی قیادت میں دھرنا دیا اور بی جے پی کے مذکورہ رکن کے پارٹی سے خراج کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے سینئر پارٹی قائد اکھیلیش پرتاپ سنگھ نے بیان کیا کہ حکومت مجرموں کی دوست بن چکی ہے۔

اسے غیرجانبدارانہ انداز میں کام کرنا چاہئے لیکن حکومت ایک ایسے شخص کی پشت پناہی کررہی ہے جو ایک جرم کے بعد دوسرا جرم لگاتار کررہا ہے۔ حکومت کا کردار غیرجانبدارانہ نہیں ہے۔ ہم مظلوم کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن حکومت ہم پر اس میں سیاست کا الزام لگاتی ہے۔ للو نے بتایا کہ ایکو گارڈن میں ہمیں عارضی جیل میں رکھا گیا ہے مگر ہم اس وقت تک اس جیل میں رہیں گے جب تک حکومت تیقن نہیں دے گی کہ زنا بالجبر کا شکار لڑکی کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ سماج وادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو جنہوں نے متاثرہ لڑکی کے افراد خاندان سے دواخانہ میں ملاقات کی تھی، بتایا کہ حکومت اس واقعہ کیلئے ذمہ دار ہے۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا حکومت اس بیٹی کیلئے انصاف کے حصول کو یقینی نہیں بنائے گی؟ انہوں نے دریافت کیا کہ دو شدید زخمی جو ہسپتال میں ہیں اگر ان کو کچھ ہوجائے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا۔ دواخانہ کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ دونوں زخمی مصنوعی آلات کی مدد سے سانس لے رہے ہیں اور ان کی حالت کا جائزہ لیا جارہا ہے۔