بی جے پی پر دستوری اور جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کا الزام

   

انتخابی وعدوں کی تکمیل کانگریس حکومت کا ریکارڈ ۔ جئے باپو ۔ جئے بھیم ۔ جئے سمویدھان مہم سے پونم پربھاکر کا خطاب
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکرنے حسن آباد اسمبلی حلقہ میں ’’جئے باپو ۔ جئے بھیم ۔ جئے سمویدھان‘‘ مہم کا آغاز کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے جمہوریت اور دستور کے تحفظ کے لئے ملک گیر سطح پر مہم کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس کے مقامی قائدین کے ہمراہ اِس مہم میں حصہ لیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے مرکزی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ دستور اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ آزادی کے بعد جمہوری اور دستوری اداروں کو مستحکم کرنے کی مساعی کی گئی۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دستور میں تمام طبقات کو یکساں حقوق فراہم کئے۔ پسماندہ طبقات کو تحفظات کی گنجائش فراہم کی گئی جس کے نتیجہ میں قانون ساز اداروں اور مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو نمائندگی حاصل ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی اور مرکزی حکومت نے مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مقام کو گھٹانے کی کوشش کی ہے۔ بی جے پی قائدین کھل کر ڈاکٹر امبیڈکر کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ کانگریس نے ملک کی جدوجہد آزادی میں حصہ لیا اور طویل جدوجہد کے علاوہ قربانیوں کی تاریخ رکھتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں دستور و جمہوریت کے تحفظ کیلئے راہول گاندھی کی قیادت میں قومی سطح پر مہم کا آغاز کیا گیا اور ہر شہری کو اِس مہم میں حصہ لینا چاہئے۔ دستور کے تحفظ سے ہر شہری کو انفرادی حقوق حاصل ہوں گے۔ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی مذہبی اساس پر سماج کو تقسیم کرنا چاہتی ہے۔ تلنگانہ میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا حوالہ دیتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہاکہ دستور میں فراہم کی گئی گنجائش کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ طبقاتی سروے کی بنیاد پر پسماندہ طبقات کی نمائندگی میں اضافہ کا بل اسمبلی میں منظور کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز کو پارلیمنٹ میں منظوری کے بعد دستور کے نویں شیڈول میں تحفظات کو شامل کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ جس طرح ٹاملناڈو میں 69 فیصد تحفظات پر عمل کیا جارہا ہے، اُسی طرح نویں شیڈول میں شمولیت سے تلنگانہ میں 42 فیصد تحفظات پر عمل آوری ممکن ہوگی۔ پونم پربھاکر نے کہاکہ کانگریس حکومت نے اقتدار کے ایک سال میں انتخابی وعدوں کی تکمیل کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 60 ہزار سرکاری جائیدادوں پر تقررات ہوے ۔ غریب خاندانوں کو 200 یونٹ مفت برقی اور 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر سربراہ کیا جارہا ہے ۔ کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے گئے۔ اُنھوں نے راشن کارڈس پر باریک چاول کی سربراہی اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ 3 کروڑ خاندانوں کو اسکیم سے فائدہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کی باقی میعاد میں دیگر وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔1