بی جے پی پر سیاسی فائدہ کیلئے گاندھی سنکلپ یاترا کا الزام

   

انتخابی مہم کو فرقہ وارانہ رنگ دیا گیا، پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔22 ۔ اکٹوبر(سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ سیاسی فائدہ کیلئے بی جے پی نے گاندھی سنکلپ یاترا کا اہتمام کیا۔ حالانکہ بی جے پی مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی ستائش کرتے ہوئے اسے دیش بھکت قرار دے رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ بی جے پی کے نزدیک اگر گوڈسے مہاتما ہیں تو پھر گاندھی جی کیا ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہاتما گاندھی کو خراج پیش کیا جارہا ہے تو دوسری طرف گوڈسے کی ستائش جاری ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ وہ اس مسئلہ پر حکومت کے موقف کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے مذہبی جذبات کو مشتعل کرتے ہوئے انتخابی مہم کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ہر اسکیم میں کوئی نہ کوئی اسکام منظر عام پر آیا ہے۔ بی جے پی قائدین بدعنوانیوں کے مقدمات میں ماخوذ ہوچکے ہیں۔ اہم مسائل پر بی جے پی قائدین کا دوہرا موقف ہے اور وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے بجائے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے بارے میں زیادہ فکرمند ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بھی اقتدار کی فکر نہیں کی بلکہ عوامی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دی ۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر بی جے پی قائدین نے گوڈسے کو دیش بھکت قرار دیا جو انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ گاندھی جی کو قتل کرنے والے کی پوجا کرتے ہوئے بی جے پی قائدین کس صورت سے گاندھی سنکلپ یاترا کا اہتمام کر رہے ہیں۔ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی ہڑتال سے نمٹنے میں ناکام کا حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ کے سی آر کے ہٹ دھرمی کے نتیجہ میں ہڑتال میں شدت پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو چاہئے کہ وہ فوری مذاکرات کا آغاز کرتے ہوئے ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کریں۔ انہوں نے کہا کہ برطرفی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے دلبرداشتہ ہوکر کئی ملازمین فوت ہوگئے اور دو ملازمین نے خودکشی کرلی۔ چیف منسٹر کو انسانی بنیادوں پر اس مسئلہ کی یکسوئی کرنی چاہئے ۔ پونم پربھاکر نے حضور نگر کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ بتکماں کے لئے تیار کی گئی ساڑیاں حضور نگر کے رائے دہندوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔ پونم پربھاکر نے واضح کیا کہ کانگریس پارٹی آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید برقرار رکھے گی۔